پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں معمولی کمی ناکافی ہے، میاں مقصود

103

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں معمولی کمی ناکافی ہے، قیمتوں میں مزید کمی کی جائے۔ مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافے نے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کو شدیدمتاثر کیا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لاکر عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ہم نے ہمیشہ ہرسطح پر عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور آئندہ بھی پارلیمنٹ کے اندراور باہر ہرجگہ اپنا قومی فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی کل آ بادی کا40فیصد حصہ سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے پورے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ ملکی سیاست میں کئی افراد ایسے ہیں جو ہر انتخاب کے موقع پر وفاداریاں تبدیل کرکے پورے انتخابی عمل پر اثراندازہوتے ہیں۔موروثیت اور اقرباپروری کاخاتمہ کرتے ہوئے میرٹ پر افراد کو آگے لانا ہوگا۔ ماضی کے حکمرانوں نے عوام پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے کردیے۔ گزشتہ 10 برسوں میں 69 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے حاصل کیے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں 42.1 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لیا گیا۔ گردشی قرضے 1200 ارب تک پہنچ چکے ہیں۔ جب تک کشکول نہیں توڑا جاتا خودمختاری کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ بینکوں سے قرض حاصل کرکے معاف کروانے والوں کامحاسبہ بھی ازحد ضروری ہے۔ کرپشن اور لوٹ مارکی انتہاہوچکی ہے۔ منافع بخش ادارے خسارے میں چل رہے ہیں جو کہ قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہیں۔سابق حکمرانوں نے اللوں تللوں، پروٹوکول اور غیر ملکی دوروں پر اربوں روپے خرچ کیے۔ وی آئی پی کلچر کے خاتمے تک ملک وقوم ترقی نہیں کرسکتے۔ موجودہ حکمرانوں کو گزشتہ حکومت کے انجام سے سبق سیکھتے ہوئے ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہییں کہ جن سے ان کے بارے میں عوامی نفرت میں اضافہ ہو۔