جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کاحلف اٹھالیا

170
کوئٹہ: گورنر محمد خان اچکزئی طاہرہ صفدر سے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے منصب کا حلف لے رہے ہیں
کوئٹہ: گورنر محمد خان اچکزئی طاہرہ صفدر سے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے منصب کا حلف لے رہے ہیں

کوئٹہ(اے پی پی)جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے ۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ہوئی۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے چیف جسٹس بلوچستان سیدہ طاہرہ صفدر سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزرا او ررکن صوبائی اسمبلی و عدالت عالیہ کے جج صاحبان اور سینئر وکلا بھی موجود تھے۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان کی 18 ویں چیف جسٹس بن گئی ہیں۔سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے بعد وہ بلوچستان ہائی کورٹ کی سینئر ترین جج تھیں، جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو بلوچستان میں پہلی خاتون سول جج بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔چیف جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے 11 مئی2011 ء کو مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا 7ستمبر2009ء کو جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر عدالت عالیہ بلوچستان میں ایڈیشنل جج مقرر ہوئیں،بحیثیت جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس طاہرہ صفدر نے تقرر سے اب تک 157 آئینی پٹیشنوں کی سماعت کی ہے۔ 10 جولائی2009ء کو جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر چیئرپرسن بلوچستان سروس ٹربیونل تعینات ہوئیں۔ یکم مارچ1996ء کو جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر ترقی پائی۔22 اکتوبر 1998ء کو جسٹس سیدہ طاہرہ صفدربطور رکن بلوچستان سروس ٹربیونل تعینات ہوئیں۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر نے22 اپریل 1982ء کو پبلک سروس کمیشن کے بعد بطور سول جج کیرئیر کا آغاز کیا۔ 27 فروری1991ء کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ انیڈ سیشن جج بنیں،29 جون 1987ء کو جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر سینئر سول جج بنیں۔جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو امتیاز حاصل ہے کہ جن جن عہدوں پر انہوں نے کام کیا ہے وہ ان عہدوں پر کام کرنے والی بلوچستان کی پہلی خاتون ہیں ،22 نومبر 2013 ء کو جسٹس طاہرہ صفدر کوسابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں 3رکنی بینچ میں بھی جج مقررکیاگیا۔ جسٹس طاہرہ صفدر نے 1980 ء میں یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ سے ایل ایل بی اور یونیورسٹی آف بلوچستان سے ماسٹرز کیاہے۔