نادرا کیخلاف بیان دے کر اعظم سواتی وعدہ معاف گواہ بن گئے،حافظ حسین

97

کوئٹہ(آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے ’’نادرا‘‘ کو انتخابی نتائج جان بوجھ کر روکنے کا ذمے دار قرار دیکر عملاً خود وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ یہ باتجمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ حافظ حسین احمد نے ہفتہ کو لاہور جاتے ہوئے جہلم میں کہی، اس موقع پر جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل میاں رفیق، ظفر حسین بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج پر سوالات اٹھائے اور انتخابات کو جھرلو قرار دیا اب تحریک انصاف نے بھی بالآخر وہی موقف اپنالیا ویسے بھی اعظم سواتی سے یہی توقع کی جاسکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اب وقت دور نہیں جب تحریک انصاف ووٹر ز کو انصاف کے لیے دھرنوں کااعلان کرے گی کیوں کہ اپوزیشن رہنما بدعنوانی کے مقدمات میں ریلیف کے لیے تگ و دو میں مصروف ہیں۔