بلوچستان کو ترقی دینے کیلیے احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے

169

کوئٹہ(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امرا بشیرا حمدماندائی اور ڈاکٹر محمد ابراہیم نے کہا کہ حکومتی سطح پر سادگی ،احتساب سے قومی مسائل کے حل میں پیشرفت ہوسکتی ہے بلوچستان کو ترقی دینے کیلیے احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے لوٹی ہوئی دولت کوبرآمد کرکے عوام کی حالت بدلنے پر خرچ کیا جائے بیرونی بینکوں میں پڑی چوری کی دولت کو واپس لانے کیلیے فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے ۔ معاف کیے گیے قرضے فی الفور وصول کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی بینکوں سے قرضے لیکر معاف کرانے اور لندن دبئی اور فرانس میں جائدادیں بنانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہوگا۔ اگر بیرون ملک پڑی دولت واپس آنا شروع ہوجائے تو عام پاکستانی کے حوصلے بلند ہوجائیں گے اور وہ حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے اپنا سب کچھ ملک پر نچھاور کرنے کیلیے تیار ہوجائے گا۔اس لیے حکومت کو نیب اور احتساب کے دیگر اداروں کی مدد سے چیونٹی کی چال سے رینگنے والے احتساب کو اب گھوڑے کی طرح بھگانا ہوگا۔ عوام ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور جن لوگوں نے قومی دولت لوٹ کر ان کی خوشیوں کا خون کیا ہے ان لٹیروں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں ۔اس لیے حکومت کو اب پوری جرأت اور تندہی سے اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد کا آغاز کردینا چاہیے ۔ جماعت اسلامی بہار ہو کہ خزاں ،کے مصداق ہر حال میں اقامت دین ، پاکستا ن کو اسلامی ، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔گزشتہ تمام انتخابات میں عوام میں تبدیلی کی خواہش اور تمنا کا خون کیا جاتارہاہے ۔ سیاسی جمہوری جدوجہد ہوس اقتدار میں ریاستی اداروں کی دہلیز پر ڈھیر ہو جاتی ہے ۔ جماعت اسلامی ہی اسٹیٹس کو توڑے گی اور محبان دین کو وسیع بنیادوں پر متحد رکھ کر نظام مصطفےٰؐ کو یقینی بنائے گی ۔ نئی حکومت سے عوام کی بڑی توقعات وابستہ ہیں ۔ بحران اور امتحان جتنا بڑا ہے ، عمران خان کے لیے تنہا یا اپنی موجودہ ٹیم کے ساتھ معرکہ سر کرنا آسان نہیں ۔ عوام عزت کی روزی اور باوقار زندگی چاہتے ہیں ۔ تیل کی قیمتوں میں کمی اچھا اقدام ہے لیکن تحریک انصاف ماضی میں حکومتوں سے مطالبہ کی روشنی میں حکومتی ٹیکس ختم کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی لائے۔