نبی پاکؐ تمام انسانیت کے لیے امن اور محبت کے سفیر بنا کر بھیجے گئے

216

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر رانا طہٰ خاں، نائب امیر ڈاکٹر محمد انور، میاں محمد شفیق، فاروق بیگ، میاں اعجاز حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مکروہ مقابلے کی منسوخی کا اعلان امت مسلمہ کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اگر مسلمان متحد ہوجائیں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیان پاکستان کا جذبہ عشق مصطفیؐ قابل فخر اور اہل ایمان کی زندگی کا حاصل ہے۔ عالمی سطح پر مستقل قانون سازی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے تاکہ یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہوجائے۔ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کی خبر امت مسلمہ کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ نبی پاکؐ تمام انسانیت کے لیے امن اور محبت کے سفیر بنا کر بھیجے گئے ہیں، ان کی تعلیمات انسانیت کے احترام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر مبنی ہیں۔ کوئی مذہب آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی پیغمبر اور قابل احترام شخصیات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔