قبضہ گروپوں کیخلاف کارروائی کا اعلان خوش آئیندہ ہے، میاں مقصود

122

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے پنجاب میں بدعنوانوں اورقبضہ گروپوں کیخلاف کارروائی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک سے کرپشن اور دیگر مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے بیانات محض زبانی جمع خرچ نہیں، عملی اقدامات بھی ہونے چاہییں۔ پنجاب سمیت پورے ملک میں بدعنوان افراد، قبضہ گروپوں، کرپٹ عناصر اور ٹیکس چوروں کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ ان عناصر کی لوٹ مار نے ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پنجاب کا سب سے بڑاچیلنج کرپشن اور کرپٹ افراد کا محاسبہ ہے۔ جب تک اداروں سے سیاسی دباؤ کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا حکومت کی کارکردگی بہتر نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور سمیت تمام ملوث افراد کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ ملک کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والوں اور قومی دولت میں خورد برد کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے 100 دنوں کی کارکردگی پر ہماری گہری نظر ہے۔ حکومت کے اچھے کاموں کو سراہیں گے اور غلط کاموں پر بھرپور انداز میں توجہ دلائیں گے۔ ہمیں انتقامی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ زراعت ملکی معیشت میں اپنا 70 فیصد تک حصہ ادا کرتا ہے مگر بدقسمتی سے نئی حکومت نے اس حوالے سے اپنی کوئی پالیسی واضح نہیں کی، جس سے کاشتکاروں میں تشویش بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث پاکستان مسائلستان بن گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتوں نے محض زبانی جمع خرچ کیا اور عوام کو حقیقی معنوں میں کوئی ریلیف نہیں دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور میں صرف سڑکیں اور پل بنانے پر زور دیا گیا۔ اب تحریک انصاف کی نئی حکومت نے اورنج ٹرین اور پنجاب کے اندر میٹرو بسوں کے آڈٹ کا ایک اچھا اعلان کیا ہے اس سے معلوم ہوجائے گاکہ ماضی میں حکمرانوں نے عوامی فلاحی منصوبوں میں کتنی کرپشن کی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کو بھی اپنے پہلے 100 دن کے پلان میں عملی اقدامات کرنے چاہییں تاکہ پاکستانی عوام کے معیار زندگی میں بہتری آسکے۔