بلوچستان میں امن و کوشحالی کیلیے حکومت عملی اقدامات کرے ، عبدالحق ہاشمی

123

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی، امن اور عدل کے لیے حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ سادگی، قناعت اختیار کرنے اور بلاتفریق احتساب سے قومی بچت اور ترقی وخوشحالی کا سفر تیز ہوسکتا ہے۔ بلوچستان میں ہمیشہ حکومتوں کی تبدیلی کیساتھ صرف چہرے تبدیل ہوتے ہیں، عوام کے مسائل جوں کے توں رہتے ہیں۔ دوسروں سے قرض لینے کے بجائے غیر جانبدارانہ احتساب کرکے روزانہ 12 ارب روپے کرپشن کو فی الفور رکوا کر اسے عوام کی حالت بدلنے پر خرچ کیا جائے۔ نظریاتی مسائل، امریکا سے مذاکرات، ترقی و خوشحالی اور امن کے لیے حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد بالکل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تین ماہ کا جو وقت مانگا ہے ہم چاہتے ہیں کہ سب جماعتیں انہیں کام کرنے کے لیے وقت دیں اور کوئی رکاوٹ نہ بنیں، حکومت کو اس پیریڈ کے دوران مسائل پر قابو پانے کے لیے بنیادی ہوم ورک مکمل کرنا چاہیے۔ حکومت نے ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے، 50 لاکھ بے گھروں کو گھر دینے، کرپشن ختم کرنے، آئندہ قرضہ نہ لینے، معیشت کو اس کے پاؤں پر کھڑا کرنے، میرٹ اور قانون کی بالادستی کے جو وعدے کیے ہیں عوام منتظر ہیں کہ ان وعدوں پر جلد عمل درآمد ہو۔ بلوچستان کے عوام اپنے مسائل کا فوری حل چاہتے ہیں، غربت، مہنگائی، بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ عام آدمی کے لیے ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ جماعت اسلامی عام آدمی کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتی ہے۔