ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر کی ملک گیر پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہڑتال

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان ، چیئر مین و فاؤنڈر ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایل پی جی چیمبر آف پاکستان) عرفان کھوکھر نے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جو کہ آج بروز منگل 4ستمبر ایف پی سی سی آئی ریجنل ہیڈ آفس لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔عرفان کھوکھر نے کہا کہ اجلاس میں بڑھتی ہوئی قیمتوں، ایل پی جی سیفٹی اسٹینڈرڈز اور ایل پی جی پالیسی کے ساتھ ساتھ 5 ستمبر 2018 کو ہونے والی ملک گیر پہیہ جام و شٹر ٖڈاؤن ہڑتال کے متعلق اہم فیصلے لیے جائیں گے،ایل پی جی غریب عوام کا فیول ہے، بڑھتی قیمتیں عوام کے ساتھ زیادتی ہے، ہماری حکومت وقت سے گزارش ہے کہ جلد از جلد ایل پی جی پالیسی 2016کا از سر نو جائزہ لیا جائے تا کہ غریب عوام کو سستا فیول بلا تعطل میسر رہے، عرفان کھوکھر نے حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اور ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع الگ الگ کیا جائے اور گاڑی کے گیٹ پاس پر اس کی قیمت واضح طور پر لکھی جائے،اس کے علاوہ اوگرا قانون کے مطابق ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرکا منافع 15% فیصد اور ٹرانسپورٹیشن الگ دی جائے اور ایل پی جی کے کاروبار میں پولیس کی برا ہ راست مداخلت بالکل ختم کی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی دکانوں کو لیگل کیا جائے کیونکہ لاکھوں خاندانوں کا رزق اس سے جڑا ہوا ہے یا حکومت اس کا متبادل دے تا کہ وہ خاندان اپنی روزی روٹی جاری رکھ سکیں۔