کراچی (اسٹا ف رپورٹر)سندھ کے وزیر سیاحت سندھ سردار علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیاحت امن او امان کی مخدوش صورتحال کے باعث پروان نہیں چڑھ سکی لیکن اب حالات بہتر ہورہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے بدھ کے روز کراچی ایکسپو سینٹر میں سیاحت کے فروغ کے لیے منعقد ہ نمائش ا نٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو 2018 کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 22 ماہ میں ہم نے کوشش کی کہ سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل میوزیم پاکستان کا سب سے بڑا میوزیم ہے اسکو ہٹانا ممکن نہیں۔وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ سیاحت کے محکمے کو فنڈز کی کمی سمیت کئی دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو سینٹر کراچی میں سیاحت کے فروغ کے لئے (آئی ،ٹی، ای) ا نٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو 2018کا انعقاد خوش آئند ہے،
ٹورازم ایکسپو سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ سندھ میں قابل دید سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ سیاحت کے شعبے کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان دنیا بھر میں سیاحت کے لیے ایک خاص مقام رکھتا ہے اور پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سیاحتی مقامات پر بہترین سہولتیں فراہم کرکے انہیں بہتر انداز میں ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کیلئے سیاحت اہم ذریعہ ہے۔
سندھ میں سیاحت کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے گئے ہیں تاہم اس ضمن میں ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ غیر ملکی وفودکی اس ایکسپو میں آمداس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔
سردار علی شاہ نے ٹورازم ایکسپو میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وفود کا شکریہ ادا کیا ۔قبل ازیں سردار علی شاہ نے ایکسپو سینٹر کراچی میں انٹرنیشنل ٹورازم ایکسپو2018 کا افتتاح کیا اور ٹورازم کے حوالے سے منعقدہ نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔