قائمہ کمیٹی: اعظم سواتی کی معذور افراد کا کوٹہ 4 سے ایک فیصد کرنیکی تجویز

72

اسلام آباد (رپورٹ:میاں منیر احمد) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے معذور افراد کی ملازمت کے کوٹے میں 3 فیصد کمی کرکے ایک فیصد کرنے کی تجویز پر مشتمل بل سینیٹ میں پیش کردیا، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے اس بل پر غور کے لیے وزارت سماجی بہبود سے رائے مانگ لی ہے، وزارت کیڈ کے شعبے سماجی بہبود کے اعلی حکام اس بل کے بارے میں اپنی رائے قائمہ کمیٹی میں پیش کریں گے۔ واضح رہے کہ اس وقت ملک میں وفاقی سطح پر معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ
4 فی صد رکھا گیا ہے اور آخری بار اس حوالے سے اس وقت غور ہوا جب سماجی بہود کے شعبے مرکز سے صوبوں کو منتقل ہوئے۔ معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کا فیصلہ 1981ء میں ایک صدارتی آرڈینیس کے ذریعے ہوا تھا بعد میں اس پر 1998ء میں مزید غور ہوا اور کوٹے میں 2 فیصد اضافہ کردیا گیا اور اس کے بعد آئین میں 18ویں آئینی ترمیم میں سماجی بہبود کے شعبے مرکز سے صوبوں کے حوالے کر دیے گئے اور صوبوں نے اس بارے میں قانون سازی کی۔ پنجاب میں معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں کا کوٹہ 3 فیصد‘ سندھ اور بلوچستان میں 5 فیصد کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔