چھ ستمبر یوم دفاع ،شہداکی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتاہے،میاں مقصود

123

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ 6ستمبر یوم دفاع، ہمارے شہداکی لازوال اور بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ 1965ء میں جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو ہمارے بہادرجوانوں نے سینوں پر بم باندھ کر اور ٹینکوں کے نیچے لیٹ کرہندوستان کوناکوں چنے چبوائے تھے اور انڈین فوج کوعبرت ناک شکست سے دوچار کیا تھا۔آج کادن اپنے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے اور یہ عہد کرنے کابھی دن ہے کہ ہم اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کردیں گے مگراس ملک پر کسی قسم کی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔بیرونی دشمنوں کی تمام سازشوں کامقابلہ کرنے کے لیے ہم سب متحد ہیں۔6ستمبر کادن سربلندی،خودمختاری اور آزادی کے تحفظ اور اہمیت کواجاگر کرتاہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جب کوئی قوم اپنا مقام پہچان لیتی ہے اورکسی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتی تو وہ دنیا میں ناقابل تسخیرمقام حاصل کرلیتی ہے۔الحمدللہ ہمارے شہداء نے اپنے جانوں کانذرانہ دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر پاکستانی قوم بڑی سے بڑی قربانی بھی دے سکتی ہے۔آج بھی دشمن ملک بھارت مسلسل پاکستان کی سلامتی کے خلاف سرگرم عمل ہے،اس کامقابلہ کرنے کے لیے ہمیں1965ء والے جذبے کواپنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ شہداکی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔ہمیں بحیثیت قوم اپنے بہادر،جراتمنداور نڈرفوجی جوانوں پر فخر ہے۔ہمارے سائنسدانوں کی شب وروزمحنت کانتیجہ ہے کہ آج پاکستان عالم اسلام کاپہلاایٹمی ملک ہے اور ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں ہیں۔ملک دشمن عناصر کوہمارے ایٹمی اثاثے اورنیوکلیئرمیزائل ٹیکنالوجی کی صلاحیت کھٹکتی ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک وقوم کی بقاکے لیے باہمی اختلافات کو بھلاکر بہترمستقبل کے لیے کام کیاجائے۔عوام6ستمبر یوم دفاع پر شہداکے لیے دعائے مغفرت اور ملک وملت کے لیے قربانی دینے والوں کے جذبوں اورولوں کوازسرنوزندہ کریں۔ان شہدانے اپنا آج قربان کرکے ہمارے مستقبل کومحفوظ بنایا ہے،شہدائے ملت کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔جس ملک کی بنیادوں میں شہداکاخون ہووہ کبھی کمزور نہیں ہوسکتا۔65ء کی جنگ میں شہدااور قوم نے بھارتی حملے کو ناکام بناکر تاریخ رقم کی تھی۔ہندوستان کسی غلط فہمی میں مت رہے،اس کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کی پہلے سے زیادہ طاقت اورصلاحیت رکھتے ہیں۔