پاکستان کو عالمی تنازعات کی بدولت مشکلات کا سامنا ہے،میا ں مقصود

107

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پاکستان کوعالمی تنازعات اور اندرونی خلفشار کی بدولت مشکلات کاسامناہے۔سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ مل کرکام کیاجائے۔پاکستانی عوام امن پسندہیں اور ہم نے ہمیشہ دہشت گردی خواہ وہ کسی بھی صورت میں ہواس کی نفی کی ہے۔عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کااعتراف کرے۔پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کو بڑھانے اور پہلے سے زیادہ مضبوط کرنے کے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے بیان کاخیر مقدم کرتے ہیں۔چین ہمیشہ مصیبت وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑانظر آیاہے۔پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر کی گہرائیوں سے زیادہ گہری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نو منتخب حکومت کے ہر اچھے اقدام کی حمایت اور غلط اقدامات کی مذمت کریں گے۔ اسمبلیوں کے اندر اورباہرہماراکردار تعمیری ہوگا۔ملک وقوم کے مسائل اور ان کاحل ترجیحات میں شامل کیے بغیر ترقی کاخواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے۔مسائل کے انبار لگے ہیں۔عوام کی زندگی عملاً اجیرن ہوچکی ہے۔ریلیف نام کی کوئی چیزمیسر نہیں۔کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔ماضی میں قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاگیا۔ میگا پروجیکٹس میں بے انتہا کرپشن کرکے مفاد عامہ کے منصوبوں کو نقصان پہنچایاگیا۔کرپشن نے ملکی جڑوں کو کھوکھلاکردیا ہے۔وقت کاناگزیر تقاضاہے کہ سب کابلاتفریق محاسبہ ہو۔محض نوازشریف کے احتساب تک معاملہ نہیں رکنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے عدالتی کمیشن بنایاجانا چاہیے۔ ہر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سنائی دیتے رہتے ہیں اس کے سدباب کے لیے مشترکہ میکنزم بنانے کی ضرورت ہے۔میاں مقصوداحمدنے مزیدکہاکہ 70 برسوں سے ملک پر مٹھی بھر اشرافیہ کاقبضہ رہاہے جس نے پورے نظام کومفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔غریب عوام کامعیار زندگی بلند کرنے کیلیے حکومت وقت کودکھاوے کے بجائے سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوں گے۔ کفایت شعاری کادرس دینے والوں کی کابینہ کاحجم مرکز اور پنجاب میں دن پردن بڑھتاہی جا رہاہے۔