بلو چستان حکومت کہیں اور سے مینڈیٹ لے کر آئی ،مدت پوری نہیں کرسکے گی،اختر مینگل 

153

کوئٹہ/ حب (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کسی اور کا مینڈیٹ لے کر آئی ہے‘ ان کی جنگ عوام کے لیے نہیں بلکہ وزارتوں کے لیے ہے‘ صرف بلوچستان نیشنل پارٹی ہی بلوچستان کے حقوق کا دفاع کر رہی ہے‘ ماضی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے‘ بی این پی ان زیادتیوں کا ازالہ کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے‘ ہم جمہوری سوچ رکھنے والے لوگ ہے اور جمہوریت کی بقا کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وند ر میں مختلف وفود سے بات چیت اور بعدازاں میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ ہم کبھی بھی اقتدار کے لیے نہیں لڑیں گے بلکہ جو سالوں سے صوبے میں مسائل پڑے ہوئے ہیں ان مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے کیونکہ ماضی میں جو لوگ اقتدار میں آئے انہوں نے صوبے کے مفادات کے بجائے اپنی ذاتی مفادات کو ترجیح دی‘ بلوچستان حکومت5 ماہ بھی چل جائے تو بڑی بات ہے کیونکہ اتحادیوں کے درمیان بڑے مسائل ہے اور وہ ایک دوسرے کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں‘ ہم نے وفاقی حکومت کے سامنے6 نکات پیش کیے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ان6 نکات پر عملدرآمد ضروری کر ے گی‘ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔