مسلمان عقیدۂ ختم نبوت اور حرمت رسولﷺ پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتا

137

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانور،میاں محمد شفیق ، ڈاکٹر عزیر مدنی،فاروق بیگ ،میاں اعجازحسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسلمان عقیدہ ختم نبوت اور حرمت رسولﷺ پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتا۔ شعائر اسلام پر اسلام دشمن اور نام نہاد سیکولر، لبرل قوتیں بار بار پاکستانی ملت کا امتحان لے رہی ہیں لیکن اسلامیان پاکستان کامیاب رہے، لادین سیکولر قوتوں کو منہ کی کھانا پڑی۔ انسانی اور اقلیتوں کے حقوق کی آڑ میں عقیدہ اسلام پر حملہ کیا جاتاہے جبکہ اسلام تمام انسانیت اور اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے۔راناطٰہٰ خاں نے کہا کہ ملک کاایک خاص طبقہ اردو زبان کے نفاذ میں رکاوٹ ہے۔ ہمارا یہ قومی المیہ ہے کہ ہم انگریز ی زبان سے مرعوب ہو کر اردو زبان کی افادیت سے بے شعور ہیں۔ ارباب اختیار کی دوغلی پالیسی کے پیش نظر قوم غلامانہ زندگی گزار نے پر مجبور ہے۔ میاں عتیق الرحمن نے کہاہے کہ اردوہماری قومی زبان ہے اور اسے آئین کے تحت سرکاری زبان کادرجہ حاصل ہے۔عدالت عظمیٰ بھی قومی زبان اردوکو سرکاری زبان بنانے کا فیصلہ دے چکی ہے مگر ابھی تک اس فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔تحریک انصاف کی نئی حکومت کو اس سلسلے میں پیش رفت کرنی چاہیے۔