پاکستانی 9/11 کے مجرم آزاد

423

پاکستان میں 11ستمبر 2012ء کو بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری کے 259 مزدوروں کو زندہ جلا دیا گیا ۔ اس حوالے سے جن لوگوں کو نامزد کیا گیا مقدمات چلے اور جرم بھی ثابت ہو گیا وہ آج تک آزاد ہیں ، معزز ہیں یا کم از کم اپنے انجام سے دور ہیں ان کو اب تک سزا نہیں ملی۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اس سانحے کو آج تیسری حکومت کا دور مل گیا ہے ۔ جو لوگ آج حکومت میں ہیں وہ سانحے کے وقت اپوزیشن میں تھے ان کا کہنا تھا کہ سانحے کے ذمے دار کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں لیکن سب سے پہلے تو انہوں نے سانحے کی ذمے دار جماعت کو اپنا حلیف بنا کر مرکز میں جگہ دی ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سانحہ 11ستمبر 2012ء جسے بجا طور پر پاکستان کا9/11 کہا جا سکتا ہے کے مجرم اس دور حکومت میں بھی سزا نہیں پا سکیں گے ۔ اس تبصرے کو عدلیہ ، حکومت یا جمہوریت پر تبصرہ قرار دیا جائے یا کچھ اور لیکن یہ حقیقت ہے کہ ایسا ہونے جار ہا ہے ۔کیونکہ حکومت اس سانحے کے ذمے داروں کے ہاتھوں بلیک میل ہوتی رہے گی۔