بلوچستان ‘ نیب نے جعلی اسکیموں کی روک تھام کیلیے لائحہ عمل تیار کرلیا

143

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) قومی احتساب بیورو نے بلوچستان ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں سالانہ ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) بلوچستان میں جعلی اسکیموں کی روک تھام، قوانین میں موجود سقم کو دور کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا۔ ڈی جی نیب مرزا محمد عرفان بیگ نے اصلاحاتی کمیٹی کو پی ایس ڈی پی کی مفاد عامہ کی اسکیموں میں بیرونی دباؤ، کرپشن کا راستہ روکنے، مجوزہ قوانین میں بہتری کے
لیے سفارشات سمیت دیگر امور سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کر ادی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری التوا سے بچنے اور کرپشن کا راستہ روکنے کے لیے بنائی گئی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس ڈی جی نیب بلوچستان کی زیر صدارت ہوا۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی سمیت محکمہ خزانہ، قانون، مواصلات و تعمیرات، بی اینڈ آر، لوکل گورنمنٹ اور بیپرا کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی نیب مرزا محمد عرفان بیگ نے کہا کہ موجودہ حکومت محکمانہ کرپشن کے خاتمے کے لیے سنجید ہ ہے‘ حکومتی ارباب اختیار کی معاونت سے کرپٹ عناصر کو قومی دولت سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے‘ پی ایس ڈی پی کے مروجہ قوانین میں پائے جانے والے سقم کی وجہ سے اکثر ترقیاتی منصوبے التواکا شکار نظر آتے ہیں جس سے نہ صرف عام آدمی متاثر ہوتا ہے بلکہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے باعث لاگت میں اضافے سے قومی خزانے کو بھی نا قابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔