وزیراعظم عمران خان پہلے دورے پر کل کراچی پہنچ رہے ہیں۔

293

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کل (اتوار کو) کراچی پہنچ رہے ہیں، وہ مزار قائد پر حاضری دیں گے، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات اور اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے پہلے دورہ کراچی کا شیڈول جاری کردیا گیا، وہ ایک روزہ دورے پر کل (اتوار کو) دوپہر 12 بجے شہر قائد پہنچیں گے جس کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزار قائد پر حاضری دیں گے، جہاں سے وہ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس جائیں گے۔

وزیراعظم دن ڈیڑھ بجے وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کریں گے جبکہ 2 بجے وفاقی حکومت کے منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں گرین لائن، کے فور اور دیگر منصوبوں پر بات کی جائے گی۔

عمران خان کے شہر قائد کے دورے میں صنعتکاروں سے ملاقات بھی شیڈول کا حصہ ہے جبکہ وہ گورنر ہاؤس میں ڈیمز فنڈ ریزنگ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، وزیراعظم رات 9 بجے واپس اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔

عمران خان نے 18 اگست کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تاہم وہ پہلی بار کراچی کے دورے پر آئیں گے، اب تک انہوں بابائے قوم کے مزار پر بھی حاضری نہیں دی، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔