مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی میں اضافہ

176

بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم میں ہر آنے والے دن اضافہ ہی ہو رہا ہے جمعرات کو بھی تمام حدود پار کرلی گئیں اور سوپوراور کپواڑہ میں 8افراد کو شہید کردیا گیااور گن شپ ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دنیا کو پورے کشمیر میں مظالم نظر نہیں آرہے۔ طرہ یہ ہے کہ اگر بھارت کے مظالم پر توجہ دلائی جائے تو انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ادارے ، یورپی ممالک و امریکا سب کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔ اب تو حد یہ ہوگئی ہے کہ ادھر بھارت ہمارے معصوم اور نہتے لوگوں پر محض اس لیے مظالم کررہا ہے کہ وہ اپنے علاقے کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور اپنے استصواب رائے کے حق کا مطالبہ کررہے ہیں اور امریکا یہ کہہ رہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر ہمیں بھی بھارت جیسی تشویش ہے۔ یہ تضاد نہیں دوغلا پن ہے۔ کھلی منافقت ہے اس کا سبب امت مسلمہ کی کمزوری ہے 157ریاستیں تو بہت بڑی بات ہے اگر پاکستان، ایران، سعودی عرب ، قطر، بحرین وغیرہ ایک آواز ہو کر بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور استصواب رائے کرانے پر مجبور کریں اور مطالبہ کریں تو بھارت کے رویے میں تبدیلی آئے گی۔ لیکن یہاں مسئلہ یہ ہے کہ یہ ممالک ایک موقف کیوں کر اختیارکریں گے۔ یہ تو خود آپس میں الجھے ہوئے ہیں ایک کے مفادات دوسرے کے دشمن سے ہیں ایسے میں بھارت جو کررہا ہے اور امریکا جو شہ دے رہا ہے وہ سلسلہ تو جاری رہے گا۔ ہمیں اپنے حکمرانوں سے بھی توقع نہیں کہ وہی ایسا موقف اختیار کریں کہ بھارت کے ہاتھ روکے جاسکیں۔