حکومت کے پے در پے اقدامات سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہاہے

74

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانور،میاں محمد شفیق ، فاروق بیگ ،میاں اعجازحسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت کے پے در پے اقدامات سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہورہاہے۔ نظر ثانی بجٹ میں نئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔ قابل ٹیکس آمدنی 12 لاکھ سے کم کر کے 8 لاکھ کر دی گئی ہے۔ ریگولیٹری ڈیوٹی میں پانچ فیصد اضافہ کردیاگیاہے۔ بجلی کی قیمتوں میں نیپرا نے 4 روپے یونٹ اضافہ کردیاہے اگر اسی رفتار میں قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو غریب تو غریب، متوسط طبقے کی زندگی بھی اجیرن ہو جائے گی۔ لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لانا موجودہ حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔ حکومت ٹیکس اکٹھا کرنے والی مشین نہ بنے،سابقہ حکومتیں عوام سے پیسہ اکٹھا کرکے اپنی شاہ خرچیوں پر خرچ کرتی رہی ہیں ، موجودہ حکومت بھی اسی ڈگر چلنے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیروں کی فوج ظفر موج سے ہی اندازہ ہورہا ہے کہ حکومت کی بجٹ پالیسی کہاں گئی، اب عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔مدینہ کی اسلامی ریاست میں وقت کا حکمران اپنی رعایا کی ضروریات کا خود خیال رکھتا تھا۔ موجودہ نظام استحصال کا نظام تو ہوسکتا ہے، فلاحی نظام ہر گز نہیں ہے۔ایک ایسا پاکستان بنانے کی ضرورت ہے جس میں وسائل غریبوں سے لینے کی بجائے مالداروں سے لے کر غریبوں پر خرچ کئے جائیں۔