طلبہ اور نوجوان ملک و ملت کا مستقبل ہیں،محمد یاسر اقبال کھارا

83

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم محمدیاسراقبال کھارانے کہا ہے کہ طلبہ اور نوجوان ملک و ملت کا مستقبل ہیں۔ 70 سال سے مقتدر قوتوں نے نوجوانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ قومی انتخابات میں نوجوانوں کا جوہری کردار ہے۔ نوجوان بیدار ہوں تو ملک جاگیرداروں‘ وڈیروں‘ سرداروں‘ مفاد پرستوں‘ چاپلوسوں کے شکنجے سے آزاد ہو جائے گا۔ جمہوری حکومتیں جان بوجھ کر طلبہ یونینز کی بحالی میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ طلبہ اور نوجوانوں کی سیاسی سماجی تربیت کیلیے طلبہ یونینز بحال کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی بجٹ کے اندر کرپشن ختم کرنے کے لیے ایک شفاف اور خود کار نظام بنایا جائے، تعلیمی اداروں کے اندر طلبہ یونینز کے انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے، تعلیم کو عام کرنے کے لیے ملک میں یکساں نصاب اور یکساں نظام تعلیم نافذ کیا جائے۔سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت بہتر کی جائے اور نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں من مانے اضافے کے عمل کو روکا جائے۔اسلامی جمعیت طلبہ،طلبہ کے حقوق اورتعلیمی مسائل کی جدوجہد جاری رکھے گی اور طلبہ کی رہنمائی اور قیادت کرتی رہی گی۔