میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کیلیے کراچی کی صحافتی تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر متحد

318
 کراچی کی تمام صحافی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس ہفتہ کو سیکریٹری کراچی پریس کلب کی دعوت پر پریس کلب میں منعقد ہوا جس میں میڈیا ہاوسز میں میڈیا ورکرز کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں صدر کراچی پریس کلب احمد خان ملک، سیکریٹری مقصودیوسفی ، صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس حسن عباس، صدر کے یو جے دستور طارق ابولحسن، صدر کے یو جے فہیم صدیقی، جنرل سیکریٹری کے یو جے دستور حامد الرحمن ، جنرل سیکریٹری کے یو جے عاجزجمالی، جوائنٹ سیکریٹری کراچی پریس کلب نعمت خان اور سیکریٹری پریس کمیٹی کراچی پریس کلب منیرعقیل انصاری نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف میڈیا ہاوسز سے رائٹ اور ڈاون سائزنگ کے نام پر میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم اور تاخیر سے ادائیگی، میڈیا ہاوسز کو سرکاری اشتہارات کی بندش اور واجبات کی ادائیگی اور کاغذ کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے صحافیوں کو مالکان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اور صحافیوں کے حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمہ داران اور میڈیا مالکان سے مشترکہ ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ انہیں یہ پیغام دیا جاسکے کہ صحافیوں کے حقوق کیلیے سب ایک ہیں اور ایک پلیٹ فارم پر مشترکہ جدوجہد کرنے کیلیے تیار ہیں اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے عدالتوں کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔ اجلاس میں تمام صحافتی تنظیموں کے نمائندہ افراد پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوینئر سیکریٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی ہوں گے جبکہ اراکین میں احمد خان ملک، حسن عباس، طارق ابولحسن، فہیم صدیقی، حامد الرحمن، عاجزجمالی اور ناصر محمود شامل ہیں، اجلاس میں جوائنٹ سیکریٹری کراچی پریس کلب نعمت خان جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا۔