بلوچستان‘ امن فورس کے کیمپ پر حملہ، 3اہلکار شہید، سرنگ پھٹنے سے 2 زخمی

105

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں امن فورس کے کیمپ پر حملے اور بارودی سرنگ دھماکے میں امن فورس کے 3 رضا کار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب نصیرآباد میں فائرنگ اور لڑائی کے دوران ایک شخص جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے دشت گوران میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے قبائلی امن لشکر کے کمانڈر ہارون شمبانی کے کیمپ پر گھات لگا کر حملہ کیا، مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں
امن فورس کے 3 رضا کار غلام شریف ولددرک خان، پیر بخش ولد داد علی اور طاہر ولد شاہ محمد جاں بحق ہوگئے، جن کا تعلق ڈیرہ بگٹی کے علاقے بہیہ لوٹی سے تھا۔ فائرنگ کی آواز سن کر مدد کو آنے والے 2 افراد موٹر سائیکل نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پر چڑھ جانے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ریزغ بگٹی اور حفیظ اللہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ منجھوشوری کی حدود بازار بیرون کے جت محلہ میں پرانی دشمنی پر صدر دین کو نامعلوم مسلح افرادنے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ دوسری جانب نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کی اناج منڈی میں 2 قبائل کے درمیان لین دین کے معاملے پر تصادم ہوا جس میں فریقین کے 8 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے دونوں گروہوں کے 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔