بلوچستان کے 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع

104

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے 33 اضلاع میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم آج (پیر) سے شروع ہوگی، پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوآرڈینیٹر سید فیصل احمد نے بتایا کہ سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران تقریباً 10 ہزار 321 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ جن میں 8 ہزار 806 موبائل ٹیمیں، 939 فکسڈ سائٹ اور 576 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں
سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں پاکستان اور افغانستان ہی ایسے ممالک ہیں جہاں پر پولیو وائرس موجود ہے۔ 2018ء میں بلوچستان میں پولیو کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے جن کا تعلق دکی سے ہے جبکہ پورے ملک میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ افغانستان میں پولیو کیسز کے باعث سرحدی علاقوں بالخصوص قلعہ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں پولیو کے خدشے کے پیش نظر تدارک کیلیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کوئٹہ، پشین اور بالخصوص ضلع قلعہ عبداللہ میں بچوں کے لیے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ابھی بھی موجود ہے۔ عالمی سطح پر پولیو وائرس پر نظر رکھنے والے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ نے قلعہ عبداللہ میں وائرس کی موجودگی پر حکومت بلوچستان کو تجویز دی ہے کہ علاقے پر خصوصی توجہ دیکر پولیو کے خاتمے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔