پاکستان پر بھارت نے حملہ کرنے کی جسارت کی تومنہ توڑ جواب دیاجائیگا

176

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردارظفر حسین خان نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی طرف سے سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکی پر اپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اپنا شوق پواکرکے دیکھ لے اسے معلوم ہوجائے گاکہ وہ کتنی بڑی غلط فہمی میں مبتلا ہے۔ پاکستان پر بھارت نے حملہ کرنے کی جسارت کی تو اس کامنہ توڑ جواب دیاجائے گا۔پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے بھارتی آرمی چیف کا غیر ذمے دارانہ بیان تشویش ناک اور قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی علاقوں میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویدارہندوستان آج تک اپنے عوام کو اس کا ثبوت ہی پیش نہیں کرسکا۔مذاکرات سے فرار ہندوستان کی کوئی نئی بات نہیں ہے،تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کبھی بھی مذاکراتی عمل میں سنجیدہ نہیں رہا۔انڈیا کو اس کی زبان میں جواب دینا وقت کاناگزیر تقاضا ہے۔پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو اسے1965ء سے زیادہ زخم اٹھانے پڑیں گے۔پاکستان امن کاخواہاں ہے مگر تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند،بلوچستان میں مداخلت کاخاتمہ اور آبی جارحیت کو ترک نہیں کردیتا اس کے ساتھ خوشگوار تعلقات استوار نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد اورخودمختار ملک ہے۔ہم امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ماضی کے حکمرانوں نے امریکی امداد کے حصول کے لیے تمام حدود کو پارکرلیا تھا۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہماراازلی دشمن ہے جوجنوبی ایشیا میں طاقت کاتوازن خراب کرنے کے لیے رات دن کوششیں کررہا ہے اور ان گھناؤنی سازشوں میں اسے امریکی آشیرباد حاصل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں پیش کریں اوربھارت کے سیاہ کردار کوبے نقاب کیاجائے تاکہ عالمی برادری کو بھی معلوم ہوسکے کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے جو ’’را‘‘کے ذریعے مقبوضہ کشمیر ،افغانستان اور پاکستان میں حالات خراب کررہا ہے۔