بھارت نے ہمیشہ پاکستان کی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے

178

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیرمیاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر رانانعیم اکرم، میاں عبدالستاربیگا اورحاجی محمد حنیف و دیگرنے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستانی کوششوں کا بھارت نے ہمیشہ مذاق اڑایا اور ان کوششوں کا مثبت جواب دینے کے بجائے اسے پاکستان کی کمزوری سمجھا۔ 27 ستمبر کو وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھیں اور بھارت کے مذاکرات سے مسلسل انکار کو بھی گفتگو کا موضوع بنایا جائے۔رہنماؤں نے کہاکہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کیا لیکن عالمی قوتوں، خاص طور پر امریکا نے بھارت کے اس منفی اور متکبرانہ رویے کا نوٹس لینے کے بجائے اس کی سرپرستی کی۔ اقوا م متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر متنازع علاقہ ہے، بھارت نے زبردستی اس پر قبضہ کر رکھاہے، کشمیر میں بھارت مسلمانوں کی نسل کشی کر رہاہے اور ہزاروں کی تعداد میں ہندوؤں کو دوسری ریاستوں سے لاکر کشمیر میں آباد کر رہاہے تاکہ کشمیر میں ہندو آبادی کے تناسب کو بڑھا کر کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو ختم کر سکے مگر بھارت اپنے ان مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا، کشمیری عوام بھارت سے آزادی حاصل کرنے کے لیے جوقربانیاں دے رہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ حکومت پاکستان کو کھل کر کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی سرپرستی کرنی چاہیے اور عالمی برادری کو کشمیر میں ہونے والے ظلم و جبر سے آگاہ کرنا چاہیے۔