پنجاب بھر میں پیک شدہ اشیائے خوردونوش کی رجسٹریشن لازمی

133

راولپنڈی (اے پی پی) پنجاب بھر میں پیک شدہ اشیائے خور و نوش کی رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ، مقررہ ڈیڈ لائن تک رجسٹرڈ نہ کرائی جانے والی پروڈکٹس کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔پی ایف اے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ نو تعینات ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت پرپنجاب فوڈ اتھارٹی نے پیک شدہ اشیائے خورونوش کی رجسٹریشن لازمی قرار دیتے ہو ئے31 دسمبر کی ڈیڈلائن جاری کر دی ہے۔پنجاب پیور فوڈ ریگولیشن 2018 ء کے مطابق صرف اجزائے ترکیبی اور لیبل والی پروڈکٹس کو ہی رجسٹرڈ کیا جائے گاجبکہ مختلف اقسام کی پروڈکٹس تیار کرنے والی کمپنیاں اپنی تمام مصنوعات کو الگ الگ رجسٹر کروانے کی بھی پابند ہوں گی۔مارکیٹ میں فروخت کی جانے والی اشیا کوپنجاب پیور فوڈ ریگولیشن 2018 ء کے مطابق اجزائے ترکیبی اور لیبل والی پروڈکٹس کی بنا پر ہی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔قومی خبر ایجنسی کو دستیاب معلومات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ31دسمبر تک رجسٹرڈ نہ ہونے والی پروڈکٹس کو مارکیٹ میں فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ مقررہ تاریخ تک رجسٹریشن مکمل کرنے والی پروڈکٹس کی فہرست کو مفاد عامہ کے تحت ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق لازمی رجسٹریشن کے عمل کا مقصد اشیائے خورونوش کے معیار کو پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کا پابند بنانا ہے۔پروڈکٹ رجسٹریشن معیاری اشیائے خورونوش کی یقینی فراہمی کے عمل کا پہلا اور سب سے اہم مرحلہ ہے۔