مہنگائی عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے، امیر العظیم

93

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی امیر العظیم نے کہاہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے اور اشیائے ضروریہ پر ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام کی مشکلات کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ تحریک انصاف کی نئی حکومت مسلسل عوام کا خون نچوڑنے میں لگی ہوئی ہے۔ بجلی کے نرخ میں ہونے والے حالیہ اضافے سے عوام کو 16 ارب روپے اضافی ادا کرنے پڑیں گے۔ حکومت عوام کی حالت زار پر ترس کھائے اور حالیہ بجلی کی قیمت میں ہونے والے اضافے کو فی الفور واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت انتہائی دگرگوں حالت میں ہے۔ عوام نے ماضی کے حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں سے تنگ آکرپی ٹی آئی کو موقع دیا مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اس کے پاس بھی کوئی معاشی پالیسی نہیں۔ وفاقی حکومت کو ایسی معاشی پالیسی بنانی چاہیے کہ جس سے حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف میسر ہو۔ جب تک معاشی صورتحال میں بہتری نہیں آتی تب تک ملک میں ترقی اور پاکستانی عوام کی زندگی میں خوشحالی نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کر کے عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ انتخابات سے قبل کیے جانے والے دعوے اور وعدے ایک ایک کرکے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں۔ جب تک پاکستان کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہیں دیا جائے گا تبدیلی کا نعرہ کھوکھلا ہی محسوس ہوتا رہے گا۔ چہروں کی تبدیلی سے نظام میں نہ پہلے کبھی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی اب آئے گی۔ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہییں جن سے عوامی مسائل ومشکلات کم ہوں اور لوگوں کی زندگیوں میں آسودگی نظر آئے۔ وطن عزیز پاکستان کو اس وقت عالمی تنازعات اور اندرونی خلفشار کی بدولت مشکلات کا سامنا ہے۔ دشمن قوتیں پاکستان کیخلاف متحد ہوچکی ہیں اور وہ دن رات سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں آپس کے اختلافات بھلا کر ملک وقوم کی ترقی اور بقا کے لیے سوچنا ہوگا۔ اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کو مل کرکام کرنا چاہیے۔