آرمی چیف نے 11دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی

275

راولپنڈی (اے پی پی،آئی این پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت اور 4 دہشت گردوں کو قید کی سزاؤں کے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے، یہ دہشت گردمسلح افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، سویلین پر حملوں اور تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث تھے جس کے نتیجے میں49 شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے 20 جوانوں سمیت دیگر افراد شہید اور 148 افراد زخمی ہوئے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق عین اللہ ولد بشرخان کالعدم تنظیم کا رکن تھا،۔یہ دہشت گرد جمشید کا سہولت کار تھا جو دھماکا خیز ڈیوائس کی تیاری اور مرمت کے ساتھ ساتھ سوئیکارنو چوک پشاور پر حملے میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں 48افراد شہید اور 109زخمی ہوئے تھے ۔نیک ولی ولد گل میر خان کالعدم تنظیم کا رکن تھا ، یہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ عمر جاوید ، صوبیدار محمد محسن ،حوالدار میر محمد اور 3اہلکار شہید اور 14زخمی ہوئے تھے۔فضل منان ولد عبدالخانان کالعدم تنظیم کا رکن تھا ،یہ دہشت گرد خودکش حملہ آور شینا فیض اللہ کا سہولت کار تھا جس نے تھانہ کوہاٹ پر خودکش حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں کانسٹیبل خورشید احمد ،کانسٹیبل محمد نور ، کانسٹیبل فیض الحسن شہید اور 5زخمی ہوئے تھے ۔ رحمت زادہ ولد سیف الرحمان کالعدم تنظیم کا رکن تھا۔ یہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں حوالدار مصور خان ،سپاہی سہیل اقبال ،کانسٹیبل فضل ملک شہید اور 2زخمی ہوئے تھے،۔ حملوں کے وقت یہ آتشیں اسلحہ سے لیس تھا ۔زاد خان ولد یوسف حسین کالعدم تنظیم کا رکن تھا ، یہ مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں حوالدارمحمد یار اور شہید اور دو افراد زخمی ہوئے تھے ۔ ۔نعمت اللہ ولد عطاء اللہ کالعدم تنظیم کا رکن تھا ،یہ مسلح افواج پر حملوں میں ملو تھا جس کے نتیجے میں سپاہی محمد رفیق شہید اور میجر محمد اکمل حیات سمیت 9اہلکار زخمی ہوئے تھے۔محمد رحمان ولد عبدالرحیم کالعدم تنظیم کا رکن تھا ، یہ مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں کانسٹیبل مشتاق احمد شہید اور 2پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔محمد رقیم ولد فضل جانان کالعدم تنظیم کا رکن تھا، یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں کانسٹیبل منظور خان شہید دیگر اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔اکرام خان ولد خان زادہ کالعدم تنظیم کا رکن تھا یہ ممبر ویلیج ڈیفنس کمیٹی کے رکن عبدالرحمان پر حملے میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں میں عبدالرحمان شہید ہوا تھا ۔ تمام مجرموں کو جوڈیشل مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ میں جرائم کا اعتراف کرنے پر سزائے موت سنائی گئی تھیں ۔ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ چار دیگر دہشت گردوں کومختلف سزائیں بھی سنائی گئی ہیں،ان کی بھی آرمی چیف نے توثیق کی ہے۔
’’مولانا مودودی ؒ اور جماعت اسلامی ۔ دعوت، تحریک ، انقلاب ‘‘خصوصی اجتماع کل ہو گا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ستمبر دور حاضر کے عظیم مفکر اور جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابو الااعلیٰ مودودی ؒ کی پیدائش اور وفات کا مہینہ ہے۔ مولانا مودودی ؒ نے26 اگست 1941ء کو جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی۔ ان حوالوں اور مناسبت سے جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام اتوار30 ستمبر کو بعد نماز مغرب حکیم سعید گراؤنڈ متصل بیت المکرم مسجد گلشن اقبال میں’’ سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ اور جماعت اسلامی۔ دعوت، تحریک، انقلاب‘‘ ایک خصوصی اجتماع عام منعقد ہو گا۔ جس کی صدارت جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن کریں گے۔ اجتماع سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر حافظ محمد ادریس، جماعت اسلامی شعبہ امور خارجہ کے نگراں عبد الغفار عزیز، معروف دانشور وتجزیہ کار شاہنواز فاروقی اور دیگر خطاب کریں گے۔ اس موقع پر مولانا مودودی ؒ کی شخصیت اور جد وجہد پر مبنی ایک ڈاکومینٹری فلم بھی دکھائی جائے گی۔ دریں اثنا خصوصی اجتماع عام کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمے داران اور امرائے اضلاع کا ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اجتماع کو بھر پور اور کامیاب کر نے اور شہر بھر سے جماعت اسلامی کے وابستگان، ہمدرد اور عوام کی بڑی تعداد کی شر کت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور آرا کی روشنی میں اہم فیصلے اور اقدامات کیے گئے اور انتظامی کمیٹی سمیت دیگر کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ان کے ذمے داران کا تقرر کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ہر سطح کے تمام ذمے داران، جے آئی یوتھ اور مختلف شعبہ جات اور تمام برادر تنظیمات کے نگراں اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اجتماع میں اپنی بروقت شر کت یقینی بنائیں اور اپنے دوست احباب اور عام افراد کو بھی ساتھ لے کر آئیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کمیٹیوں کے ذمے داران کو ہدایات دیں کہ حکیم سعید گراؤنڈ میں شرکا کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جائیں۔ خواتین کی شرکت کے پیش نظر خواتین اور بچوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
الطاف حسین نے ندیم نصرت کے توسط سے شاہد حامد کے قتل کا حکم دیا‘ پولیس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی ،سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی سماعت کے موقع پرملزمان منہاج قاضی اور ملزم محبوب عرف غفران عرف اطہرعدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے مقدمے میں پولیس اہلکار کا بیان قلمبند کرتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی پولیس کا الزام ہے کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کی جانب سے شاہد حامد کو قتل کرنے کے احکامات دیے گئے،ایم کیو ایم لندن کے ندیم نصرت کی جانب سے یہ احکامات صولت مرزا کو دیے گئے ،5جولائی 1997ء کو صولت مرزا ،مہناج قاضی اور راشد نے شاہد حامد کی گاڑی پر فائرنگ کی ، فائرنگ سے شاہد حامدان کا گن مین خان اکبر اور ڈرائیور اشرف بھی ہلاک ہوئے ،بانی ایم کیو ایم الطاف حسین ،ندیم نصرت ، سہیل زیدی اور دیگر کے دائمی ( تاحیات)وارنٹ بھی جاری کیے جاچکے ہیں ،قتل کے مقدمے میں صولت مرزا کو پھانسی ہوچکی ہے۔