روالپنڈی ‘ہاسٹل وارڈن کی غفلت‘ بی ایس کی طالبہ پراسرا رطور پر جاں بحق

158

راولپنڈی(صباح نیوز)راولپنڈی گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سکستھ روڈ کے ہاسٹل میں مبینہ طور پر کسی زہریلی چیز کے کاٹنے کے نتیجے میں ایک طالبہ کی ہلاکت کے بعد دیگر طالبات نے کالج انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔جاں بحق ہونے والی طالبہ عروج بی ایس کی طالبہ تھی، جس کا تعلق فتح جنگ سے بتایا گیا ہے۔طالبات نے الزام عائد کیا کہ عروج کسی زہریلی چیز کے کاٹنے سے جاں بحق ہوئی، رات کو ہاسٹل وارڈن کو اس کی طبیعت خرابی کی اطلاع دی گئی مگر اسے اسپتال نہیں لے جایا گیا۔ایک طالبہ کے مطابق مطابق جمعہ کی صبح تک بھی اس کی سانسیں چل رہی تھیں، جس پر ساتھی طالبات نے ریسکیو 1122کو بلایا، لیکن وارڈن نے زحمت نہیں کی۔طالبات کے مطابق کالج انتظامیہ نے طالبہ کی موت کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تو کسی نے کہا کہ اس کے دل میں سوراخ تھا۔ساتھی طالبات نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والی طالبہ کے والدین بھی اس دنیا میں نہیں ہیں۔ صبح طالبات نے عروج کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا اور کالج کی بسوں کو بھی کالج سے باہر جانے سے روک دیا۔بعدازاں طالبہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز (ڈی ایچ کیو)اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دینی معاملات کو چھیڑنے کے نتائج خطرناک ہونگے‘غفور حیدری
اسلام آباد، قلات(صباح نیوز) جمعیت علما اسلام کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں دینی معاملات کو چھیڑنے کے نتائج خطرناک ہوں گے ،توہین رسالت مدارس میں مداخلت اور اپنے مذہبی عقائد کی حفاظت کے لیے 8 اکتوبر کو آل پارٹیز کانفرنس کے لیے دینی جماعتوں اور مدارس کے علما کو دعوت نامے جاری کردیے ہیں، ملک میں مہنگائی اور معیشت کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے،اپوزیشن جماعتوں کوبھی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے قلات میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی معاملات پر کوئی مفاہمت نہیں ہوگی، حکومت نے اگر دینی معاملات میں مداخلت کی توہم آخری حد تک جائیں گے، آئین میں تبدیلی کی گنجائش کسی صورت قبول نہیں، حکومت کو کس نے اختیار دیا کہ وہ اپنی مرضی کی تبدیلیاں کرے، ملک اس چیز کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سیاستدانوں سے لے کر ججز بیوروکریسی سب کا ہونا چاہیے، ملک میں دہرا معیار قائم کیا گیا ہے، سیاستدانوں کی تضحیک کی جارہی ہے۔

امریکا کے ساتھ مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں،تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں اور پر امن و مستحکم افغانستان دیکھناچاہتا ہے۔یہ بات انہوں نے جنوبی و وسطی ایشیاکے لیے امریکا کی پرنسپل معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان پر امن اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، افغان حکومت کیساتھ رابطوں کے لیے پاکستان کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے افغانستان میں جامع سیاسی مصالحتی عمل سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے افغانستان میں حکومتی کنٹرول سے باہر علاقوں کے بارے میں پاکستان کی تشویش سے بھی آگاہ کیا جو دہشت گرد گروپ خطے میں دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کی غرض سے پاکستان کے اقدامات اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔معاون وزیر خارجہ ایلس ویلس نے کہا کہ امریکا پاکستان کی نئی حکومت کیساتھ کام کا خواہاں ہے جبکہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کی حمایت ضروری ہے۔