تعلیمی اداروں میں قرآن فہمی عام کی جائے،ڈاکٹر سیف الرحمٰن

119

حیدرآباد(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآبادصدرڈاکٹر سیف الرحمن نے کہاہے کہ قرآن نے چھے صدیوں تک مسلمانوں کوبلاشرکت غیرے حکمران بنایا۔ماضی میں قرآن والے معززتھے ہم قرآن کاراستہ چھوڑ کرکے پیچھے ہیں۔ حکومت تعلیمی اداروں میں قرآن فہمی عام کرے۔ عربی زبان کو بطور اختیاری مضمون جگہ دے اور مدارس کی ڈگریوں کوعملاً تسلیم کرے اورمساوی ڈگری میں حائل رکاوٹیں دور کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم القرآن مدینہ کالونی پھلیلی میں سالانہ تقریب اسناد و انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہاکہ مدارس قرآن وسنت کی تعلیم عام کررہے ہیں، ہمارے ہاں اسکول ،کالج اوریونی ورسٹی کو سرکاری وسائل حاصل ہیں جب کہ مدارس کونہ توسرکاری وسائل حاصل ہیں نہ ہی مدارس میں معمولی یابھاری فیسیں لی جاتی ہیں اس کے باوجودمدارس میں طلبہ وطالبات دین کی بنیادی تعلیم دی جاتی ہے قرآن پڑھنا، پڑھانا، سمجھنا، سمجھانااور عمل کرناسکھایاجاتاہے۔ کردار سازی پرخصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے یہاں کے طلبہ وطالبات اعلیٰ کردار کے حامل ہوتے ہیں۔ تقریب سے جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عقیل احمد، الخدمت شعبہ مدارس کے نگران قاری محمدافضل شاکر، پروفیسر رئیس منصوری اور امیر جماعت اسلامی زون شرقی محمد عامر فاروق صدیقی، طلبہ وطالبات اور والدین نے شرکت کی۔پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں انعامات واسنادتقیسم کی گئیں۔