گوجرہ کے نزدیک لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی زد میں آکر 45 سالہ شخص جاں بحق

124

ملتان، گوجرہ، میرپور ماتھیلو (آئی این پی) ملتان میں وین اور موٹر سائیکل کے مابین خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ملتان کے قریب جلال پور میں موٹر سائیکل اور وین میں تصادم کے باعث 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو سروس کے مطابق لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس حادثے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی زد میں آکر 45 سالہ شخص جاں بحق۔ چک نمبر 95 گہری کا 45 سالہ نصر عالم جو کہ مخبوط الحواس بیان کیا جاتا ہے جو چک نمبر 96 ج ب کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کے نیچے آگیا جو بری طرح کچلا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ شالیمار ایکسپریس آدھا گھنٹہ رکی رہی جو بعد ازاں کراچی کے لیے روانہ ہوگئی۔ اطلا ع ملنے پر صدر پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ضروری کا رروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔ میرپور ماتھیلو میں ڈاکوؤں اور پولیس میں مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ اتوار کو پولیس کے مطابق میرپور ماتھیلو کھمبڑا تھانہ کی حدود میں5 ڈاکو 2 کاشتکاروں کو اغوا کر کے لے جا رہے تھے کہ مرید شاخ رینی پر مقابلہ ہوگیا۔ ایس ایچ او کھمبڑا قمر عباس نے بتایا کہ ڈاکو کاشتکار آصف اور عمران کو اغوا کر کے لے جارہے تھے کہ پولیس اہلکار مشتاق شر نے اغوا کاروں کو رکنے کا کہا جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔