پنجاب میں حکومت کی قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کی باتیں کھوکھلے نعروں کے سوا کچھ نہیں

154

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ میاں ثاقب نثار کے لاہور میں قبضہ گروپوں کیخلاف سخت ریمارکس کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے زمینوں پر قبضہ کرنے والے گروپوں کیخلاف ایکشن لینے سے مظلوم عوام کی داد رسی ہوگی اور کرپشن فری پاکستان بنانے میں مدد ملے گی۔ حکومت عدالت عظمیٰ کے حکم پر تعمیل کرتے ہوئے قبضہ گروپوں کیخلاف فوری ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپوں کی پشت پر سیاستدانوں کے نام آنا تشویش ناک امر ہے۔ المیہ یہ ہے کہ قبضہ مافیا پوری طرح سرگرم ہے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو اس جانب بھی پیش رفت کرنی چاہیے۔ پنجاب میں حکومت کی قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کی باتیں ابھی تک کھوکھلے نعروں کے سوا کچھ نہیں۔ طاقتور مافیا ہر دور حکومت میں اثرورسوخ رکھتا رہا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے پورے نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کے ساتھ کفایت شعاری، کرپشن کے خاتمے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے جو وعدے انتخابات سے قبل کیے تھے اب ان کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ پوری قوم حکومتی نمائندوں کی کارکردگی مانیٹر کررہی ہے۔ پاکستان کے بعد آزاد ہونے والے ممالک آج ہم سے کئی گنا زیادہ ترقی کرچکے ہیں۔ گزشتہ 70 برسوں سے داخلی انتشار اور سیاسی عدم استحکام کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔ کرپٹ عناصر اور قبضہ گروپوں کا قلع قمع وقت کا ناگزیر تقاضا ہے، یہی عناصر ترقی وخوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ منافع بخش ادارے اس وقت خسارے میں چل رہے ہیں، ان کو پاؤں پر کھڑاکرنے کے لیے اداروں سے نااہل افراد کو نکال کر میرٹ پر بھرتیاں کرنی ہوں گی۔ کرپشن اور رشوت خوری کے کلچر کے عام ہونے سے میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ پڑھے لکھے، اہل اور ہنر مند افراد روزگار کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں جبکہ نااہل افراد بڑے بڑے عہدوں پر براجمان ہیں۔ حکومت وقت کو عوام کی فلاح وبہبود کے ساتھ اس معاملے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔