حکومت مستقل بنیادوں پر قبضہ ختم کرنے کے لیے پروگرام ترتیب دے

163

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، نائب امیر ڈاکٹر محمد انور اور دیگر نے حکومت پنجاب کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ گروپوں سے سرکاری و نجی اراضی بازیاب کرانے کے حوالے سے آپریشن کلین اپ کرنے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت یکسوئی کے ساتھ مستقل بنیادوں پر قبضہ ختم کرنے کے لیے پروگرام ترتیب دے۔ ماضی کی حکومتوں نے تجاوزات اور قبضہ گروپوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا لیکن کچھ عرصہ بعد حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے خاموشی پر انہی عناصر نے پھر تجاوزات قائم کرلیں۔ تجاوزات نے شہروں کا حسن تباہ و برباد کر کے رکھ دیاہے۔ حکومت مستقل طور پر ایسا میکنزم ترتیب دے کہ آئند کسی کو تجاوزات قائم کرنے کی جرأ ت نہ ہو۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کی خلاف ورزی پر چالان کرنے کے ساتھ شہریوں اور صحافی برادری کے ساتھ ناروا سلوک اور تشدد کے واقعات سامنے آرہے ہیں جو ناقابل فہم بات ہے۔ چالان کی رقم اتنی زیادہ رکھی گئی ہے کہ موٹر سائیکل سوار اور گاڑیوں والے چیخ اٹھے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کو بہانے بہانے سے لوٹنے کی پالیسی واپس لے۔