فیصل آباد میں گندگی کی وجہ خاکروبوں کی غفلت ہے

139

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امرا رانا نعیم اکرم، میاں عبدالستار بیگا، حاجی محمد حنیف اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات عوامی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہورہے ہیں۔ آج کل لوگوں میں زیادہ تر ہیپاٹائٹس سمیت جو مختلف موذی بیماریاں پھیلی ہوئی ہیں ان کی بڑی بنیادی وجہ گندگی کے ڈھیر اور سیوریج ملا پانی ہے۔ بدقسمتی سے فیصل آباد شہر میں گندگی کی بنیادی وجہ ارباب اختیار سمیت سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور خاکروبوں کی اپنے فرائض سے غفلت ہے۔ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، ابلتے گٹر، گندگی سے بھرے نالے ڈینگی مچھروں کی افزائش کے ساتھ ہیپاٹائٹس جیسی موذی بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں جوکہ افسوسناک امر ہے۔ جھنگ روڈ اور جڑانوالہ روڈ کے گردو نواح میں لوگ سیوریج ملا پانی پینے اور استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔