سکھر، سیپکو کی جانب سے اضافی بل بھیجنے کیخلاف عوام سڑکوں پر آگئے

108

سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو انتظامیہ کے بڑھتے ہوئے مظالم کیخلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، نواں گوٹھ کے مرد و خواتین اور بچے لاکھوں روپے کے اضافی بل ارسال کرنے اور عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع کیے جانے کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے مختلف رکاوٹیں حائل کرکے ٹریفک کی آمد و رفت معطل کردی۔ مظاہرین ’’سیپکو کے مظالم نامنظور، نامنظور‘‘ کے نعرے بلند کررہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت بندھانی برادری کے صدر حاجی شریف بندھانی نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ سیپکو انتظامیہ کی جانب سے ایمانداری سے بل ادا کرنیوالے صارفین پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، ہر ماہ بل میں اضافی رقم عائد کی جاتی ہے جس کی وجہ سے بل لاکھوں روپے تک پہنچ گئے ہیں، مہنگائی کے اس دور میں لوگ انتہائی مشکل سے دن بھر محنت و مشقت کرکے اپنے بچوں کو 2وقت کی روٹی کھلاتے ہیں، ایسے میں لاکھوں روپے اضافی بل کس طرح ادا کریں۔ بجلی چوری کرنیوالوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، اقساط کرواکر بل جمع کرنیوالوں کے کنکشن منقطع کیے جارہے ہیں۔ سیپکو کے اس ظالمانہ اقدام کیخلاف احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔ انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو احتجاج کا سلسلہ مزید وسیع کیا جائیگا۔ دھرنے کے دوران ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہونے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نواں گوٹھ پہنچی، بعد ازاں مظاہرین اور سیپکو افسران کے درمیان تھانہ اے سیکشن میں مذاکرات ہوئے، مظاہرین نے کہاکہ ہم بل ادا کرنے کو تیار ہیں مگر بلاجواز عائد کی جانیوالی اضافی رقم ختم کی جائے اور بجلی چوری کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے، تاہم سیپکو افسران رضامند نہیں ہوئے، جس پر مظاہرین نے احتجاج جاری رکھنے کا کہا۔