فرخ حبیب فیصل آباد تا راولپنڈی ٹرین چلانے کے اقدامات کا اعلان کریں

95

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری نے فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے فیصل آباد شہر کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے ۔ریلوے اسٹیشن پر پریم یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کی فرخ حبیب اپنے شہر کے باسیوں کو ریلوے سے ریلیف دلوانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان درجنوں ریل گاڑیاں چل رہی ہیں جبکہ پاکستان کے تیسرے بڑے شہر کو اس سے محروم رکھا گیا ہے،سابق ادوار میں بھی شہریوں کے مطالبات کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا جبکہ موجودہ وزیر ریلوے نے بھی اس کا اعلان نہیں کیا۔فرخ حبیب فوری طور پر فیصل آباد تا راولپنڈی ڈائریکٹ ٹرین چلانے کے لیے اقدامات کا اعلان کریں ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے بار بار مطالبات کے باوجود سابق ارکان اسمبلی نے اس پر کان نہیں دھرے اور شہریوں کو ریلوے سے ریلیف دلوانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا،پاکستان میں سب سے زیادہ ریونیو دینے والا ریلوے اسٹیشن آج تک بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تیسرے بڑے شہرکے ریلوے اسٹیشن کو اس کی کارکردگی کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ، یہاں کے ریلوے ملازمین نے دن رات ایک کر کے فیصل آباد ریلوے کو اس مقام پر پہنچایا ہے کہ چیف ایگزیکٹو ریلوے آفتاب اکبر نے بھی اس کی کارکردگی کو سراہا ہے جو ہمارے لیے اعزاز ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے ملازمین اور شہریوں کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے پاکستان کے تیسرے بڑے شہر کو اس کا حق فراہم کریں گے۔انہوں نے فرخ حبیب کویقین دہانی کروائی کہ ریلوے کی بہتری اور ترقی کے لیے ریلوے ملازمین ان کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔