آئی کیپ کے تحت سی پی ڈی و نیٹ ورکنگ ایونٹ

254

پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اپنے تارکین وطن کے لیے غیر منافع بخش اسپتال بنائے گی

آئی کیپ یو اے ای چیپٹر کی جانب سے ایک ملین درہم کا عطیہ، میڈیکل سینٹر کی ایک دیوار آئی کیپ کے نام سے موسوم ہو گی

کراچی : انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی کیپ) یو اے ای چیپٹر کی جانب سے ممبرز کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے لیے سی پی ڈی اور نیٹ ورکنگ ایونٹ گزشتہ روز میریٹ جدف دبئی میں منعقد ہوا۔ ایونٹ کا تھیم تھا، نئی شروعات، جس میں آئی کیپ ممبرز کے لیے قائدانہ صلاحیتوں کی ضرورت اور قیادت و نئی شروعات کے باہمی تعلق پرروشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر تین موٹیویشنل اسپیکرز بشمول لیفٹنٹ کرنل محمد مراد، فاطمہ بن موسیٰ الوغنی اور پاکستان سے خواجہ رضوان سلیم نے شرکاء کو پرجوش کیے رکھا۔

آئی کیپ کا یو اے ای چیپٹر، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کا ایک حصہ ہے جس میں پاکستانی تارکین وطن کی نمائندگی کی جاتی ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی یو اے ای میں پاکستان کے ایمبیسڈر معظم احمد خان تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بحیثیت مملکت اور پاکستانیوں میں دنیا کے بہترین دماغ موجود ہیں۔ یہاں موجود فنانس کے پروفیشنلز پاکستان اور یو اے ای کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آئی کیپ یو اے ای چیپٹر کی چیئرمین عاصمہ جان محمد نے اپنے چیپپٹر کے وژن اور آئندہ سالوں کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے اس چیپٹر کی منیجنگ کمیٹی کے دیگر اراکین کا بھی تعارف کرایا۔ صدر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی ڈاکٹر فیصل اکرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب کو معاشرے کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا خود سے وعدہ کرنا چاہیے اور ہم بحیثیت پاکستانی ایسے بہت سے اقدامات کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اپنے تارکین وطن کے لیے دنیا کا سب سے بڑا کمیونٹی سینٹر تعمیر کر رہی ہے جس میں غیر منافع بخش میڈیکل سینٹر بھی شامل ہو گا جو جی سی سی ممالک میں کسی بھی تارکین وطن کمیونٹی کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا پروجیکٹ ہو گا۔ اس کے لیے آئی کیپ یو اے ای چیپٹر کے ممبرز ایک ملین درہم عطیہ کر رہے ہیں ، اس میڈیکل سینٹر کی ایک دیوار آئی کیپ کے نام سے موسوم کی جائے گی۔

صدر آئی کیپ ریاض اے رحمان چامڈیانے اپنے خطاب میں انسٹی ٹیوٹ کے اوورسیز چیپٹرز اور سی اے پاکستان کی ترقی میں ان کے کردارپر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یو اے ای چیپٹر کی جانب سے ممبرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایونٹس کے انعقاد کو سراہا۔ ریاض اے رحمان چامڈیا نے آئی کیپ کی جانب سے چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے پیشے کو فروغ دینے کے لیے کیے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ سی اے پاکستان کواب انٹرنیشنل باڈیز کی جانب سے بھی سراہا جارہا ہے۔ ایونٹ میں ممبرز نے بھرپور شرکت کی۔