27 اکتوبر کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر مارچ ہوگا،ڈاکٹرطارق سلیم

165

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے عبوری امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم کے خلاف27 اکتوبر کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر مارچ ہوگا۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔اس یکجہتی کشمیر مارچ میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے ہرسطح کے ذمے داران کے ایک خصوصی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمان سواتی ٗ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سیدعارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری ضیا اللہ چوہان ٗنائب امیر قاضی محمد جمیل اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد عثمان آکاش نے بھی اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ مسلمانوں پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔ چُن چُن کر نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کے گھروں ٗ دکانوں ٗ فصلوں اور پھلوں کو بھی تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔ افسوس کہ بھارت کے ان انسانیت سوز مظالم سے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیری ہمارے دینی بھائی ہیں ۔ دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھاتے رہیں گے۔اس سلسلے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی روایتی سیاسی جماعت نہیں ہے۔ہم ایک تحریک ہیں ۔الیکشن ہماری ہمہ گیر سرگرمیوں کا ایک جزو ہے ۔جماعت اسلامی نے ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کسی بھی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم اپنی تنظیمی صف بندی کر رہے ہیں ۔آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اپنے انتخابی نشان ترازو کے ساتھ میدان میں جائیں گے۔