پنجاب میں صحت کی سہولیات کا فقدان بڑھتا جارہا ہے، امیر العظیم

219

لاہور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی یو سی 114 جوہر ٹاؤن لاہور نے پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے تعاون سے ایچ 1 پارک نزد مکی مسجد میں امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم اور وائس چیئرمین چودھری عبدالقیوم گجر کی زیر سرپرستی ایک فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کیمپ سے 6 سو افراد نے استفادہ کیا۔ مریضوں کے ہیپاٹائٹس بی، سی اور بلڈ شوگر کے فری ٹیسٹ کیے گئے اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ اس حوالے سے پیما کے پندرہ ڈاکٹرز نے خدمات سرانجام دیں۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پورے صوبے میں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے۔ سرکاری اسپتالوں کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ غریب اور مستحق افراد کو صحت کی بنیادی سہولیات نہیں ملتیں۔ ماضی میں آنے والی حکومتوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ سینئر ڈاکٹرز اسپتالوں میں ٹائم دینے کے بجائے پرائیویٹ کلینکس میں بیٹھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی علاج کروانا بہت مہنگا اور مشکل ہوتا جارہا ہے۔ تحریک انصاف کی نئی حکومت کو تعلیم اور صحت جیسے بنیادی اہمیت کے حامل شعبوں پر فوری توجہ دینی چاہیے اور انہیں اپنی اولین ترجیحات میں رکھنا چاہیے۔ سرکاری اسپتالوں میں سہولیات بہتر کرنا وقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔ ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف کی کارکردگی کو بہتر بنایا جانا چاہیے۔ اس ضمن میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی جدوجہد جاری کھے ہوئے ہے۔ جب تک حکومتی سطح پر شعبہ صحت پر توجہ نہیں دی جائے گی اس وقت تک سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری نہیں آسکتی۔