حکومت نے عوامی توقعات کاخون کیا،شمس الرحمن سواتی

54

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ وامیرضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کوتبدیلی اورخوشحالی کے خواب دکھائے لیکن تمام اقدامات اس کے برعکس کررہی ہے ، سابقہ حکومتوں کی طرح آئی ایم ایف کے درپرحاضری نے عوامی توقعات کا خون کردیا، ملکی معیشت کوتباہی کے دھانے پر پہنچادیا گیا، مسائل حل کرنے کے بجائے عوام پر بھاری کابینہ کا بوجھ لاددیاگیا،دوستوں کونوازنے کاسلسلہ بند ہوناچاہیے ۔ا ن خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی پی پی 10کے ذمے داران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیرضلع چودھری عطا ربانی،امیرزون خالد محمود مرزا سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ حکومت اس وعدے پر آئی تھی کہ قرضوں میں مزید اضافہ نہیں کرے گی اور خود انحصاری کا باعزت راستہ اختیار کر ے گی لیکن وزیرخزانہ اور خود وزیراعظم کی طرف سے آئی ایم ایف کے پاس جانے کے اعلان نے قوم کو مایوس کیاہے ۔ حکومت حالات کو سلجھانے اور نارمل کرنے کے بجائے الجھاؤ کی طرف لے جارہی ہے جو خود اس کے لیے مسائل کا سبب بنے گا ۔