اسٹاک مارکیٹ میں دوبارہ مندی ،انڈیکس300پوائنٹس گھٹ گیا

295

مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے46ارب روپے کا خسارہ سرمائے کا مجموعی حجم 79کھرب روپے سے گھٹ کر 78کھرب روپے رہ گیا
مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے منافع کی خاطر فروخت کے دباؤ کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار رہی

کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک روزہ تیزی کے بعد دوبارہ مندی کی لپیٹ میں آ گئی ،کے ایس ای100انڈیکس300پوائنٹس گھٹ گیا جس سے انڈیکس 38700پوائنٹس سے کم ہو کر 38300پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے46ارب روپے کا خسارہ جسکی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 79کھرب روپے سے گھٹ کر 78کھرب روپے رہ گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو ایک بار پھر مندی کی زد میں آ گئی مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے منافع کی خاطر فروخت کے دباؤ کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار رہی اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 38700،38600، 38500اور38400پوائنٹس کی 4بالائی حد سے گرگیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق شرح سود میں اضافے سے متعلق امریکی صدڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد امریکا سمیت ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں پر مندی چھا گئی

جس کا اثر پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر بھی دیکھا گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 393.79پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 38792.09پوائنٹس سے کم ہو کر 38398.30پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس237.87پوائنٹس کی کمی سے 18767.36پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28384.74پوائنٹس سے کم ہو کر28218.02پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں46ارب79کروڑ28لاکھ69ہزار816روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی

جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم79کھرب 33ارب 6کروڑ21لاکھ 26ہزار770روپے سے کم ہو کر 78کھرب86ارب 26کروڑ92لاکھ 56ہزار954روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 5ارب روپے مالیت کے 13کروڑ46لاکھ 4ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 7ارب روپے مالیت کے19کروڑ93لاکھ 22ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 356کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 109کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،232میں کمی اور15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 1کروڑ20لاکھ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 1کروڑ ،میزان بینک85لاکھ 7ہزار ،یونٹی فوز لمیٹڈ 74لاکھ78ہزار اور اینگرو پولیمر 58لاکھ56ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے لحاظ سے سب سے زیادہ اضافہ ماری پیٹرولیم کے حصص میں ہوا جس کی قیمت51.33روپے کے اضافے کے ساتھ1477.53روپے ہوگئی

جب کہ باٹا پاک کے حصص43.50روپے کے اضافے سے بڑ ھ کر1706.00روپے ہو گئی سب سے زیادہ کمی اسلینڈ ٹیکسٹائل اور صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب91.52روپے اور30.29روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسلینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت کم ہو کر 1738.88روپے اور صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت کم ہو کر 800.01روپے ہو گئی ۔