نوابشاہ ریلوے اسٹیشن پر نائٹ کوچ کا اسٹاپ بحال کیا جائے

180

نوابشاہ (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی نوابشاہ سرور احمد قریشی نے وفاقی وزیر برائے ریلوے سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بے نظیر آباد ریلوے اسٹیشن پر نائٹ کوچ 44 اپ اور نائٹ کوچ 43 کراچی تا لاہور براستہ فیصل آباد کا اسٹاپ نہ ہونا اور دس لاکھ مسافروں کو اس سہولت سے محروم کرنا زیادتی ہے۔ لہٰذا وفاقی وزیر فوری طور پر نوابشاہ اسٹیشن پر نائٹ کوچ کا اسٹاپ بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ مطالبہ بھی اس وجہ سے جائز ہے کہ کراچی حیدر آباد اور سکھر کے درمیان واحد بڑا ریلوے اسٹیشن نوابشاہ ہے جہاں ایک طرف کاروباری طبقہ شدید متاثر ہورہا ہے تو دوسری جانب دیگر اضلاع سے آنے والے ہزاروں افراد سفری دشواریوں کا سامنا کرتے ہیں۔ نوابشاہ اسٹیشن پر نائٹ کوچ کا اسٹاپ ہونے کی وجہ سے محکمہ ریلوے کو بھی بڑے پیمانے پر ریونیو حاصل ہوسکتا ہے۔ لہٰذا وفاقی وزیر ریلوے اس جانب فوری طور پر توجہ دیتے ہوئے نائٹ کوچ کا اسٹاپ مقرر کریں۔