پولیس سرپرستی میں چلنے والے جوئے کے اڈے قابل مذمت ہیں

171

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68کے امیرمیاں زبیرلطیف ،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر میاں عبدالستاربیگا، رانانعیم اکرم،حاجی محمدحنیف اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں پولیس کی ملی بھگت سے شہر بھرمیں کھلنے والے منشیات،،جوئے اور بدکاری کے اڈوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ان اڈوں کی وجہ سے نوجوان نسل بے راہ روی اور اخلاقی پستیوں کاشکار ہو رہی ہے۔منشیات کی لعنت نے نوجوان نسل کوبے کارکردیا ہے،پرچی مافیاکی وجہ سے لوگ کنگال ہوررہے ہیں۔منشیات کا سارا دھندا انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہوتا ہے،عوامی احتجاج کے باوجود پولیس خاموش تماشائی کا کردار اداکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ چند ٹکوں کی خاطر معاشرے اور انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں جن کی سرکوبی کرنے کی ضرورت ہے۔ منشیات کے خاتمے کے لیے بنائی گئی انسداد منشیات فورس کا بھی کہیں کوئی کردار نظرنہیں آ رہا۔انہوں نے کہا کہ شہربھرمیں نشئی سارا دن نشہ کی حالت میں سٹرکوں کے کنارے پڑے رہتے ہیں اورایک دوسرے کونشہ آور انجکشن لگاتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اوردیگر بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہرکے پوش علاقوں میں میڈیکل سٹوروں پر نشہ آور انجکشن اور ادویات سرعام فروخت ہورہی ہیں مگرمقامی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات،جوئے اور بدکاری کے اڈوں کی وجہ سے شریفشہری شدیدپریشانی کا شکار ہورہے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیاکہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پرایک بڑاآپریشن کرکے ان اڈوں کوختم کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور محکمے میں چھپی ہوئی ان کالی بھیڑوں کی بھی سرکوبی کی جائے جوان اڈوں کی سرپرستی کررہے ہیں۔