انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بحال کرنے کے فیصلے درست ہے، احمد حسن مغل

288

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی طرف سے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو دوبارہ بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ اس اہم ادارے کی بحالی پاکستان کی انجینئرنگ صنعت کو بہتر فروغ دینے اور انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات کو ترقی دینے میں معاون ثابت ہوگی ۔
احمد حسن مغل نے کہا کہ ترقی یافتہ مغربی دنیا، یورپ، سنگاپور، جنوبی کوریا، ملایشیاء، ترکی اور تھائی لینڈ سمیت تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممالک نے انجینئرنگ شعبے پر خصوصی توجہ دے حیرت انگیز اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لیکن پاکستان برآمدات کیلئے زیادہ تر ٹیکسٹائل سمیت چند روایتی مصنوعات پر انحصار کر رہا ہے جس وجہ سے ہماری برآمدات اصل صلاحیت سے بہت کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ٹیکسٹائل برآمدت کا حصہ کم ہو رہا ہے جبکہ انجینئرنگ مصنوعات کا عالمی تجارت میں حصہ 60فیصد سے زیادہ ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اگر پاکستان انجینئرنگ شعبے پر بہتر توجہ دے تو یہ شعبہ معیشت کی بہتر ترقی اور برآمدات کے فروغ میں نمایاں حصہ ادا کر سکتا ہے۔
احمد حسن مغل نے کہا کہ 2017-18کے دوران انڈیا کی انجینئرنگ گڈز کی برآمدات 76ارب ڈالر سے زائد تھیں جبکہ جولائی تا مئی 2017-18کے دوران پاکستان کی انجینئرنگ گڈز کی برآمدات صرف 19کروڑ ڈالر کے لگ بھگ تھیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان اس شعبے میں کتنا پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگر انجینئرنگ شعبے پر بہتر توجہ دی جائے تو یہ شعبہ 2026-27تک انجینئرنگ گڈز کی برآمدات کو سالانہ 10ارب ڈالر تک لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015-16میں پاکستان کے کل درآمداتی بل میں انجینئرنگ گڈز کا حصہ 37فیصد تھا جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی ڈومیسٹک مارکیٹ میں انجینئرنگ گڈز کی کافی مانگ پائی جاتی ہے۔لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ میں پیشہ وارانہ افراد تعینات کرے تا کہ وہ اس ادارے کو مزید مضبوط بنا سکیں جس سے معیشت کو فائدہ ہو گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ اس لئے بنایا گیا تھا کہ یہ ادارہ انجینئرنگ کی صنعت کو جدید بنانے اور اس کو اپ گریڈ کرنے میں فعال کردار ادا کر سکے اور درآمدت کا متبال ملک میں تیار کرنے کی صنعت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کر سکے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو مزید مضبوط بنائے اور اس کو وزارتوں کے زیر نگرانی رکھنے کی بجائے خود مختار حیثیت دے تا کہ یہ ادارہ انجینئرنگ کی صنعت کو بہتر ترقی دینے میں کلیدی کردار ادا کرے جس سے ہماری برآمدات تیزی سے فروغ پائیں گی اور معیشت پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گی جبکہ روزگار کے بھی بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔