ڈاؤمیڈیکل کے طلباء کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل کیا جائے گا،گورنر

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈاؤ ڈینٹل کالج کے طالب علموں کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل کیا جائے گا اور کسی بھی صورت ان کا تعلیمی سال ضائع نہیں ہونے دیں گے، مستقبل کے معماروں کا یوں اپنے جائز مسئلے کے لیے سڑکوں پر آنا اچھی بات نہیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحت کے شعبہ میں جدید نظریات اور ایجادات کے موضوع پر منعقدہ چوتھی آل پاکستان نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نمائش کا اہتمام ڈاؤ یونیورسٹی اور ڈائس نے مشترکہ طور پر کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ طالب علموں کو اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دینے کے لیے ضرور ی ہے کہ اس طرح کے مسائل نہ پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان طالب علموں سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی رجسٹریشن کا مسئلہ وہ حل کرائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی ایک مثالی ادارہ ہے اور اس کے فارغ التحصیل پروفیشنلز پاکستان کا فخر ہیں کیونکہ وہ دنیا بھر میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ کیونکہ عوام سے براہِ راست تعلق رکھتا ہے اس لیے اس شعبہ سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز کا جدید ترین تحقیق، نئی ایجادات اور علاج معالجہ کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ رہنا ضروری ہے تاکہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت جامعات میں تحقیق کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی اس ضمن میں ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جامعات کو بھی ڈاؤ یونیوسٹی کی پیروی کرتے ہوئے تحقیق پر خصوصی توجہ دینا چاہیے تاکہ ان سے فارغ التحصیل پروفیشنلز نہ صرف بہتر ملازمت حاصل کرسکیں بلکہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کی خدمت بھی کر سکیں۔ گورنرسندھ نے مختلف شعبوں میں تحقیق اور نئی ایجادات کو حوصلہ افزائی کرنے والی غیر سرکاری سماجی تنظیم ڈائس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے سربراہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور یہ جو کچھ ہمیں ملا ہے اپنے وطن کی وجہ سے ملا ہے اس لیے ایسے افراد جو وطن کی خدمت کرتے ہیں ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی، ڈائس کے بانی ڈاکٹر خورشید قریشی اورڈائس ڈاؤ کے سربراہ پروفیسر مسعود نے خطاب کرتے ہوئے اس نمائش کے اغراض و مقاصد، ڈاؤ اور ڈائس کے مابین صحت کے شعبہ میں تعاون اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔علاوہ ازیں پاکستان میں پہلی بار ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے غذائیت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے دوا تیار کر لی ہے، ڈاویونیورسٹی کی جانب سے دو روزہ نمائش میں مرکز نگاہ بنی رہی، نمائش کا افتتاح گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کیا۔ دنیا بھر میں پاور فوڈ کے نام سے مشہور اس دوا کو ڈاؤ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے مقامی موسمی صورت حال کو دیکھ کر تیار کیا ہے۔ نمائش میں ملک کی35 جامعات کے160 تحقیقی پروجیکٹ پیش کیے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں شرکا سے خطاب میں گورنر سندھ نے اسے اچھی کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی سے نکلے ہوئے لوگ دنیا بھر میں نام روشن کر رہے ہیں۔