تبدیلی کابت مسمار،حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ،شمس سواتی

155

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رکن شوریٰ وامیرضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں موجودہ حکومتی پارٹی کی جانب سے بلندوبانگ دعوے کئے گئے لیکن 75دنوں میں ہی تبدیلی کا بت مسمارہوگیا، حکومت کے پاس عوام کوریلیف دینے اورملکی معیشت کواپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کیلئے کوئی عملی پلان نہیں۔روپے کی بے قدری اورڈالرکی قیمت میں اضافے سے ملکی قرضوں میں 900ارب روپے اضافہ ہوگیاہے آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں ایک بارپھر مہنگائی کا ایک طوفان آئے گا جوغربت اورمسائل کی چکی میں پسے عوام کیلئے بہت بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔ جماعت اسلامی پی پی19کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے امیرضلع نے کہاکہ یورپ میں خاندانی نظام تباہی کے دھانے پرہے اب اس کلچرکوپاکستان میں نافذ کرنے کیلیے کوششیں جاری ہیں۔عالمی استعمارکے اشاروں پر توہین رسالت قوانین اوراسلامی تہذیب کے خلاف سازشیں قطعی قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی تعصبات اورفرقوں سے پاک دینی تحریک ہے جونظریاتی مملکت میں نظام مصطفیﷺ کے قیام کیلیے جدوجہد کررہی ہے کارکنان اپنے گھروں سمیت گلی محلوں میں قرآن وسنت کی دعوت کے فروغ کیلیے کوششیں تیزکردیں ہم کسی فرد یا امیرکی طرف نہیں بلکہ اللہ ،رسول اورقرآ ن کی طرف بلاتے ہیں۔