نادرا کے ناروا سلوک نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلاکر رکھا ہے

120

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خان نے نادراکی جانب سے موت کی صورت میں شناختی کارڈ کی منسوخی فیس اور چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی نارمل فیس 50 روپے کے بجائے 500وصول کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادرا کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق قومی شناختی کارڈ پہلی بار بنانے والوں کو نارمل کارڈ کے لیے کوئی فیس نہیں لیکن اس کے برعکس 400روپے وصول کیے جارہے ہیں جس کی جے آئی یوتھ پر زور مذمت کرتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے، عوام نادرا کی نااہلی کی وجہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور نادرا کے ظالمانہ رویے اور ناروا سلوک نے عوام کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا رکھا ہوا ہے، قومی شناختی کارڈ کا حصول عوام کا بنیادی حق ہے اور عوام کو شناختی کارڈ سے محروم کرنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اوپر سے قومی شناختی کارڈ کی فیسوں میں ناجائز اور ظالمانہ اضافہ کرکے غریب عوام کو شناختی کارڈ کے حصول سے محروم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ شناختی کارڈ کی فیس میں سو فیصد اضافے کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کر ے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب و دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شناختی کارڈ کی فیسوں میں سو فیصد اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اوپر سے قومی شناختی کارڈ کی فیسوں میں سو فیصد اضافہ کرکے غریب عوام کو شناختی کارڈ کے حصول سے محروم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔