حکومت تبدیلی کے بجائے مہنگائی کا سیلاب عوام پر مسلط کررہی ہیں

137

پشاور(وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی وسابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے کہا ہے کہ حکومت تبدیلی کے بجائے مہنگائی کا سیلاب عوام پر مسلط کررہی ہے حکومت 100دن کے پلان میں مکمل طورپر فلاپ ہوچکی ہیں حکومت کے پروگرام میں کرپشن کا خاتمہ اور پاناما پیپر میں شامل تمام 436افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کروانے میں ناکام رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہی بالا میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ حشمت خان نے کہاکہ جس تیزی کے ساتھ عوام پر مہنگائی کو بوجھ ڈالا جارہا ہے بہت جلد عوام اس کیخلاف اُٹھ کھڑے ہوں گے صرف بیت الخلا کی صفائی پر توجہ دینے سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا حکومت کو چاہیے کہ بجلی ، گیس اور روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو کنڑول کرے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو مشورہ دے رہی ہیں کہ 2سال صبر کرے اور تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی روزمرہ اشیا میں اضافہ ہوا ہے دوبارہ ان کی قیمتیں کبھی بھی کم نہیں ہوئی ہیں، یہ حکومت کی خام خیالی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ روپے کی قدر میں کمی کے بعد عوام کو بے رحم مہنگائی سے بچانے کے لیے اشیائے ضروریہ پر عائد ٹیکس میں کمی کی جائے عام استعمال کی اشیا پر ٹیکس میں کمی سے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔