مائیکروسافٹ کے شریک بانی پال ایلن گلے کی رسولی کے مرض میں مبتلا رہ کر 65 سال کی عمر میں چل بسے، بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اپنے سب سے پرانے اور عزیز دوست کے اس جہان سے چلے جانے پر میں حد درجہ دل گرفتہ ہوں، پرسنل کمپیوٹنگ کی دنیا میں ہونے والی یہ تیز رفتار ترقی ان کی مدد کے بغیر کسی صورت ممکن نہیں تھی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مائیکروسافٹ کے شریک بانی پال ایلن گلے کی رسولی کے مرض میں مبتلا رہ کر 65 سال کی عمر میں چل بسے، انہوں نے اس مرض کا 2009 میں علاج کروایا تھا اور محض دو ہفتے قبل یہ پھر لوٹ آیا تھا۔
پال نان ہاجکن لمفومیا نامی بیماری میں مبتلا تھے اور چند روز قبل ہی انہوں نے کہا تھا کہ وہ اور ان کے ڈاکٹر علاج کے بارے میں انتہائی پر امید ہیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔اس موقع پر ان کے دوست اور مائیکروسافٹ میں ان کے ساتھی بانی بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اپنے سب سے پرانے اور عزیز دوست کے اس جہان سے چلے جانے پر میں حد درجہ دل گرفتہ ہوں، پرسنل کمپیوٹنگ کی دنیا میں ہونے والی یہ تیز رفتار ترقی ان کی مدد کے بغیر کسی صورت ممکن نہیں تھی۔
ان کی موت کی تصدیق گزشتہ روز ان کی بہن جوڈی نے کی اور اپنے بیان میں کہا کہ وہ ہر شعبے میں ایک لازوال کردار کے حامل تھے ۔ ان کے ساتھ کام کرنے والے لوگ ان کی رحم دلی ، انسان دوستی اور بے مثال صلاحیتوں کے گواہ ہیں، وہ ہر معاملے میں ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کیا کرتے تھے ۔
انہوں نے 1975 میں اپنے اسکول کے دوست بل گیٹس کے ساتھ مل کر ٹیکنالوجی کے دنیا کے سب سے بڑے نام مائیکرو سافٹ نامی ادارے کی بنیاد رکھی تھی، اس کمپنی نے جہاں ان دونوں شخصیات کو بے پناہ دولت سے نواز ا وہیں دنیا کو بھی تقریبا تبدیل کرکے رکھ دیا ۔