وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، فیصل واوڈا

229

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں ایک حکومتی وڈیرے نے اپنی 12ہزار ایکڑ زمین کوسیراب کرنے کے لیے 16ارب کا ڈیم بنا لیاہے ، صوبوں میں پانی چوری روکنے کے لیے اٹھارویں ترمیم سے بلیک میل نہیں ہونگا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ تحریک انصاف کی اچھی بات یہ ہے کہ ہم نے حکومت میں ہوتے ہوئے ضمنی الیکشن میں کوئی مداخلت نہیں کی، اس سے یہ بھی پتا چلتاہے کہ ہم نے عام انتخابات میں بھی کوئی دھاندلی نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آئیڈیالوجی واضح ہے اور ہمایوں اختر کے ہارنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ نظریاتی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک عمران خان کی سوچ کا تعلق ہے تو وہ ایک لیڈر کی سوچ ہے اور لیڈر کی سوچ اپنی ہوتی ہے، عمران خان نے اپنی زندگی میں بہت سے لوگوں کو آزمایا ہے جس کی ایک مثال کرکٹ میں وسیم اکرم ہیں جو آج پاکستان کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی بہت دھیمی ہے اور میں اس سے مطمئن نہیں ہوں۔